Eid Doston Ke Sang
Eid Doston Ke Sang
عید دوستوں کے سنگ
ردا لاؤ بیٹا میں آپ کے کپڑے اب الماری
میں ہینگ کر دوں ، دکھا دیئے اپنی دوست کو ۔؟۔
جی مما دکھا دیئے ، یہ لیں یہ رکھ دیں
گیارہ سالہ ردا نے اپنے ہاتھ میں پکڑا شاپر مما کو دیتے ہوئے کہا ۔۔۔
مما نے کپڑے نکال کر ہینگ کرنا شروع کیئے
،
ارے یہ کیا ردا؟۔۔۔
بیٹا آپ کا عید کے پہلے دن کا ڈریس کہاں
ہے ۔؟۔۔
یہ
تو سیکنڈ ڈے اور تھرڈ ڈے کے کپڑے ہیں ، وہ باربی جیسا پنک فراک تو اس میں
نہیں ہے ۔۔؟۔۔
مما نے ردا سے پوچھا تو ردا نے بولنے کی
بجائے سر جھکا لیا ،
مما نے حیرت سے ردا کو دیکھا ،
میں کچھ پوچھ رہی ہوں ردا ۔؟۔۔
مما وہ ، وہ وہ فراک میں نے اپنی دوست
ببلی کو دے دیا ، ردا نے ڈرتے ڈرتے کہا ۔۔
کیا ۔؟۔۔ مما کی آنکھیں حیرت سے کچھ زیادہ
ہی کھل گئیں تو ردا ایک دم سہم گئی ۔۔۔
مما آپ نے ہی کہا تھا نہ کہ اگر کسی دوسرے
کو کسی چیز کی ضرورت ہو اور ہمارے پاس اپنی ضرورت سے زائد چیز ہو تو دوسروں کو
دینے میں کوئی حرج نہیں ۔۔۔
ردا تم اتنی بڑی کب سے ہو گئیں کہ اپنی من
مانی کرنے لگو ۔؟۔۔ مما کی آواز غصے کی شدت سے کانپ رہی تھی ، اسی وقت پاپا اندر
داخل ہوئے ۔۔
ارے بھئی یہ کیسا شور ہو رہا ہے ۔۔؟۔۔
پاپا نے سوالیہ انداز میں باری باری بیوی اور بیٹی کے چہرے پر نظر ڈالی ۔
پوچھیئے اپنی لاڈلی سے ، اب یہ بنا پوچھے
اتنے بڑے بڑے فیصلے کرنے لگ گئی ہے ، یہ کہہ کر مما نے پوری روداد پاپا کے گوش
گذار کی تو پاپا نے ردا سے پوچھا ۔۔
کیوں بیٹا آپ نے ایسا کیوں کیا ۔؟۔۔
پاپا میں اپنی دوست ببلی کو اپنے عید کے
کپڑے دکھا رہی تھی تو ببلی کی آنکھوں میں انسو اگئے ، میں نے پوچھا کیا ہوا تو
بولی ،
" جب میرے پاپا زندہ
تھے تب مجھے ایسے ہی کپڑے لے کر دیا کرتے تھے ، لیکن اب ماموں جان کے گھر میں عید
پر بھی میں نئے کپڑے نہیں لیتی ، مامی جی اپنی بیٹی کے پرانے کپڑے مجھے دے دیتی
ہیں ،
تب میں نے سوچا میرے پاس تو تین تین فراک
ہیں ، اگر میں ایک ببلی کو دے دوں گی تو اسے عید پر پرانے کپڑے نہیں پہننا پڑیں گے
۔
پاپا کیا میں نے کچھ غلط کیا ۔؟
پاپا کے جواب دینے سے پہلے مما غصے سے
بولیں ،
آپ کو پتہ ہے اس پنک فراک کے لیئے آپ کی
لاڈلی نے مجھے کتنا خوار کیا تھا ؟۔۔ کتنے ہی شاپنگ مالز میں خواری کے بعد وہ فراک
خریدا تھا جو صاحبزادی نے اٹھا کر اپنی دوست کو دے دیا ۔۔۔
پاپا نے ہاتھ کے اشارے سے مما کو چپ
کروایا پھر ردا سے مخاطب ہو کر بولے ۔۔
نہیں بیٹا آپ نے فراک اپنی دوست کو دے کر
کچھ غلط نہیں کیا ، لیکن اپنی مما کی اجازت کے بغیر ایسا کیا یہ آپ نے غلط کیا ،
آپ مما سے سوری بولیں ۔۔۔
اوکے پاپا میں مما سے سوری بولتی ہوں لیکن
آپ یہ بتائیں اچھا کام کرنے کے لیئے بھی کیا اجازت کی ضرورت ہوتی ہے ۔؟۔۔ دو دن
پہلے مما نے ہی مجھے کہانی سنائی تھی کہ اپنی ضروت سے زائد چیز کسی ضرورت مند کو
دینا بہت اچھی بات ہے ، اور پنک فراک میں نے اس لیئے دیا کہ مما نے یہ بھی کہا تھا
کہ اگر کسی کو کچھ دو تو وہی دو جو تم اپنے لیئے پسند کرتے ہو ، وہ چیز جو تمہیں
سب سے زیادہ پسند ہو ۔۔ تب ہی میں نے وہ فراک دے دیا ، سوری مما مجھے آپ کو بتا کر یہ کام کرنا چاہیئے تھا ، لیکن مجھے
ببلی کا رونا اچھا نہیں لگا ، وہ میری دوست ہے اگر میں عید کے دن نئے کپڑے پہنوں
اور مجھے پتہ چل جائے کہ میری دوست نے پرانے پہنے ہیں تو مجھے بلکل اچھا نہیں لگے
گا ،
مما نے آگے بڑھ کر ردا کو پیار کیا اور
کہا سوری تو مجھے بھی بولنا چاہیئے اپنی پیاری بیٹی سے کہ جس نے میری کہی اچھی
باتوں کو یاد رکھا اور میں خود بھول گئی ،
پاپا نے مسکراتے ہوئے ردا کو گود میں اٹھا
لیا اور کہنے لگے اب اسی خوشی میں ہم اپنی گڑیا کو ابھی بازار لے کر جائیں گے اور
ویسا ہی فراک لے کر دیں گے ۔۔۔
واؤؤؤؤ شکریہ پاپا جانی ، مجھے مما نے یہ
بھی بتایا تھا کہ اگر ہم اپنی پسندیدہ چیز کسی کو گفٹ کر دیتے ہیں تو اللہ ہمیں
ویسی ہی یا اس سے بھی اچھی چیز عطا کرتا ہے ، کیوں مما جانی میں نے ٹھیک کہا نہ
۔۔۔
جی بیٹا جی آپ نے بلکل ٹھیک کہا ، اب
، اللہ میری لاڈلی کو ہمیشہ اچھی باتوں پر
عمل کرنے کی توفیق دے، مما نے کہا تو تینوں کے منہ سے ایک ساتھ نکلا، آمین
۔۔۔ تینوں کھلکھلا کر ہنس دیئے اورشاپنگ
کے لیئے نکل پڑے ،
ریحانہ اعجاز
کراچی ڈیفینس۔
Tags:
AFSAANY